اردو یونیورسٹی پروفیسر نے پیٹرول ‘ ڈیزل کا متبادل دریافت کرلیا

Dec 28, 2022


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وفاقی اردو یونیورسٹی شعبہ کیمیاء کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان نے گلوبل چیلنجز بالخصوص توانائی کا بحران، ماحولیاتی آلودگی،گلوبل وارمنگ اور گلوبل بائیو ڈائیورسٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے توانائی کے متبادل ذرائع پر تحقیقی کاوشوں کے نتیجے میںپیٹرول کے متبادل فیول بائیو ایتھانول کی تیاری و تحقیق میں گراں قدر پیش رفت کی ہے۔ اس فیول کی مدد سے موٹر سائیکل کو کامیابی سے چلایا گیا ہے نیز اسے پیٹرول انجن والی تمام گاڑیوں اور جنریٹر میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان نے ڈیزل کے متبادل فیول یعنی بائیو ڈیزل کو بھی تیار کرلیا ہے۔ اس فیول سے ڈیزل پر چلنے والی تمام گاڑیاں اور جنریٹر چلائے جاسکتے ہیں۔یہ دونوں فیول ریسرچ لیبارٹری آف بائیو انرجی (RLB) میں تیار کرلئے گئے ہیں ان فیولز کے استعمال سے توانائی کے بحران، ماحولیاتی آلودگی، گلوبل وارمنگ، گلوبل بائیوڈائیورسٹی اور گلوبل اکانومی پر قابلو پایا جاسکے گا۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان کوسائنسی خدمات کی بنیاد پر 2011میں ایچ ای سی کی طرف سے بیسٹ یونیورسٹی ٹیچرایوارڈسے بھی نوازا گیا۔ ان میں خاص طور پر قومی و بین الاقوامی کانفرنسز میں شرکت، قومی و بین الاقوامی سائنٹیفک باڈیز کی ممبر شپ،پاکستان میں متبادل توانائی اور ادویات کے میدان میں نئی و معیاری تحقیق،شعبہ کیمیاء و فیکلٹی آف فارمیسی میں تجربہ گاہوں کی تعمیر و ترقی، معیاری تدریسی طریقہ کاراور دنیا میں تحقیق کے فروغ کیلئے کئے گئے نئے اقدامات شامل ہیں۔

مزیدخبریں