اجتماعی استعفے نہیںِ نمائندہ وفد آج ملے گا پی ٹی آئی: ترجمان اسمبلی کی رابطہ کی تصدیق 

Dec 28, 2022


اسلام آباد (نامہ نگار) ترجمان قومی اسمبلی نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے باضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی جو اس وقت بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں موجود ہیں، سے ٹیلی فون پر پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر نے رابطہ کیا اور انہیں باور کرایا کہ پی ٹی آئی کا ایک وفد جو ان سمیت شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور چند دیگر پی ٹی آئی رہنماﺅں پر مشتمل ہو گا سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنا چاہتا ہے تاکہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں پر بات کی جا سکے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اگرچہ پہلے جماعت کا فیصلہ تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام 124ممبران اکٹھے سپیکر کے سامنے پیش ہوں گے لیکن بعد ازاں ایک نمائندہ وفد بھیجنے پر اتفاق ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی رہنماﺅں کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے اور سیاست دانوں میں رابطے رہنے چاہئیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ سپیکر نے انہیں باورکرایا کہ استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے ضوابط کار میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس سلسلے میں سپیکر نے نہ صرف شاہ محمود قریشی بلکہ تمام پی ٹی آئی ممبران کو تفصیلی خطوط ارسال کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعفوں کے بارے میں فیصلہ اسی دائرہ کار میں رہتے ہوئے سختی سے کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی ائی کے سابق چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر نے سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور یہ طے پایا کہ سپیکر کی گڑھی خدا بخش سے واپسی پر پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات ہوگی۔
ترجمان اسمبلی 

مزیدخبریں