اسلام آباد(نامہ نگار)وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق اور جمہوریہ ازبکستان کے پودوں کے تحفظ اور قرنطینہ کی ایجنسی نے پودوں کے قرنطینہ کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جمہوریہ ازبکستان کے پودوں کے تحفظ اور قرنطینہ کے ڈائریکٹر جنرل ایجنسی ابراہیم ایرگاشیف نے ازبکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان کیڑوں پر قابو پانے کے اقدامات کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کی تقریب میں تقریب میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ اور تحقیق ظفر حسن اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل قرنطینہ ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن محمد شہزاد سہیل نے بھی شرکت کی۔دونوں ممالک کی نیشنل پلانٹ پروٹیکشن آرگنائزیشنز سیمینارز اور ٹریننگز کے ذریعے تجربات کا تبادلہ کریں گی اور دونوں ممالک کے درمیان برآمدی تجارت پر ہم آہنگی بڑھائیں گی۔ ان اقدامات سے زرعی کیڑوں پر قابو پانے اور کیڑوں کے خطرات اور نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ معاہدے کے تحت، وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق اور جمہوریہ ازبکستان کے پودوں کے تحفظ اور قرنطینہ کی ایجنسی مل کر کام کرے گی تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان پودوں اور پودوں کی مصنوعات کے تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔ تقریب کے دوران فریقین نے اس بات کو سراہا کہ پاکستان نے ازبک انار، بیر، کھجور، انجیر، انگور اور ازبکستان نے پاکستانی آم اور پیاز کو اپنی منڈیوں تک رسائی دی ہے۔ مزید برآں، پاکستان کے ماہرین فائٹو سینیٹری سسٹم، پروڈکشن سائٹس، پروسیسنگ اداروں اور پیکنگ ہاسز کا موقع پر معائنہ کے لیے ازبکستان کا دورہ کریں گے۔
اتفاق
وزارت قومی غذائی تحفظ اور ازبکستان کا پودوں کے تحفظ، قرنطینہ میں تعاون پر اتفاق
Dec 28, 2022