حیدرآباد(بیورو رپورٹ) حیدرآباد یونین پٹاٹو ویجیٹیبل کمیشن ایجنٹس گروپ کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ سردیوں میں گیس کی بلاجواز لوڈشیڈنگ عوام و تاجروں کا معاشی قتل ہے، ہر سال ملک میں گیس کا بحران پیدا ہوتا ہے۔اور حکومت اِس سے باخبر ہونے کے باوجود کچھ نہیں کرتی،گیس کی بندش سے گھریلو صارفین کے ساتھ گھریلو صنعت بھی متاثر ہوتی ہے۔پاکستان میں گیس توانائی کی ضرورت پوری کرنے کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان اَنرجی بُک کے مطابق ملک میں توانائی کی ضروریات کا 31 فیصد گیس سے پورا کیا جاتا ہے جو ملکی پیداوار و درآمدی گیس پر مشتمل ہے۔وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے گزشتہ چند ماہ پہلے گیس کی کمی سے متعلق بتایا تھا کہ حکومت گیس لوڈمینجمنٹ پلان ترتیب دے رہی ہے جس سے مختلف شعبوں کو ضرورت کے مطابق گیس فراہم کی جائے گی تاکہ وہ گیس کی کمی سے کم متاثر ہوں،لیکن ابھی تک وہ پلان نظر نہیں آرہا۔ صدر الطاف میمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہر سال سردیوں میں گیس کی کمی ولوڈشیڈنگ کو مکمل طور پر حل کرے تاکہ تاجروں و عوام کو کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
گیس کی بلاجواز لوڈشیڈنگ عوام و تاجروں کا معاشی قتل ہے، محمد الطاف میمن
Dec 28, 2022