کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) معذور افراد کے کوٹہ پر جونیئر اسکول ٹیچر ( جے ایس ٹی ) کی بھرتی کے لئے مبینہ طور پر بھاری رشوت طلب کرنے کے الزام پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر ضلع جیکب آباد غلام سرور دایو اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر خدابخش دایو کے مالی و انتظامی اختیارات معطل کردیئے ہیں۔ سیکریٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے دونوں افسران کے نام جاری کئے گئے ایک مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں افسران کے خلاف سنگین نوعیت کی شکایات ملی ہیں جس کے کچھ ثبوت بھی مل گئے ہیں حالانکہ معذور کوٹہ کی اسامیاں بھی خالی ہیں مگر چار پانچ ماہ گذر جانے کے باوجود معذور افراد کو اس لئے ملازمت نہیں دی گئی کیونکہ ان دونوں افسران کو بھاری رشوت نہیں دی گئی بطور سیکریٹری ان کے لئے یہ ناقابل برداشت بات ہے اس لئے یہ معاملہ بالا حکام کے ساتھ اٹھایا گیا اور اعلیٰ سطح پر تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں افسران کے 8 اختیارات معطل کردیئے گئے ہیں جس کے تحت وہ کوئی بھی مالیاتی منظوری نہیں دے سکیں گے نئی نوکریاں دینے کی سفارش نہیں کرسکیں گے لمبے عرصہ کی چھٹیاں منظور نہیں کرسکتے کسی کے خلاف ضابطہ کی کارروائی نہیں کرسکتے تبادلے وتقرریاں نہیں کرسکیں گے ریٹائرمنٹ ، جی پی فنڈ اور پنشن کیس آگے نہیں بھیج سکتے۔ سینارٹی لسٹ جاری نہیں کرسکتے پروموشن کا اختیار بھی واپس لے لیا گیا ہے۔افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیں تاکہ اعلیٰ حکام اس پر فیصلہ کرسکیں۔
محکمہ تعلیم سندھ کا ایکشن
معذور افراد کوٹہ بھرتیوں کیلئے رشوت وصولی،محکمہ تعلیم سندھ کا الیکشن
Dec 28, 2022