لاہور(کامرس رپورٹر )بزنس مین پینل کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس زیر صدارت چیئرمین بی ایم پی میاں انجم نثار منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ٹریڈ ایکٹ اور رولز میں ترمیم کی متفقہ منظوری کے تحت تمام تجارتی اداروں ، ایسوسی ایشنز، چیمبرز اور خاص کر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے عہدیداروں کی مدت میں توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بزنس مین پینل میاں انجم نثار نے کہا کہ ملک کی تمام صنعتی و تجارتی تنظیموں بشمول ایف پی سی سی آئی ، ٹریڈ باڈیز نے اس پارلیمنٹ کے اس فیصلے کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ترمیم معاشی ترقی ، صنعتی اور تجارتی تنظیموں کیلئے پالیسیوں کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
اجلاس کے دوران شرکائ نے اپنے حریف گروپ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن کو پاکستان کے آئین کے خلاف کام کرنے کی ہدایات اور 31دسمبر2022ء کے بعد پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑے ادارے ایف پی سی سی آئی میں ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کے مطالبہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یو بی جی کے اس بیان کوغیر قانونی و غیر آئینی اور غیر اخلاقی قرار دیا اور کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ایسے اقدامات اور بیانات ان کے شکست خوردہ ذہن اور کاروباردشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔ یوبی جی کی ناکام پالیسیوں اور تاجر دشمن اقدامات سمیت فیڈریشن کے وقار کو مجروح کرنے کے باعث ملک کی صنعتی و تاجر برادری نے گزشتہ 3 سالوں سے انہیں بری طرح مسترد کرتے ہوئے اپنے حقیقی لیڈروں اور کاروبار و تاجر دوست گروپ بزنس مین پینل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے برسر اقتدار لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پارلیمنٹ سے ٹریڈ ایکٹ رولز میں ترمیم کی متفقہ منظوری ،توسیع فیصلے کا خیرمقدم
Dec 28, 2022