قومی ٹیسٹ سکواڈ میں انڈر19 کرکٹر عرفات منہاس‘باسط علی ‘محمد ذیشان شامل 


لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے ایج گروپ  میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین نو عمر کھلاڑیوں کو قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔کھلاڑیوں میں ملتان کے آلراؤنڈر عرفات منہاس، ڈیرہ مراد جمالی کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین باسط علی اور فیصل آباد کے فاسٹ باؤلر محمد ذیشان شامل ہیں۔ تاہم یہ کھلاڑی انتخاب کیلئے زیر غور نہیں آئیں گے۔پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی نشوونما اور حوصلہ افزائی کیلئے اپنی حکمت عملی اور وژن کے طور پر کیا گیا ہے، شاہد آفریدی کی سربراہی میں عبوری سلیکشن کمیٹی کی طرف سے تین ٹاپ پرفارمرز کو شامل کرنے کا مقصد انہیں بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا ہے۔شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم صرف موجودہ صورت حال ہی کو نہیں دیکھ رہے بلکہ مستقبل پر بھی نظر رکھتے ہیں، اس سلسلے میں ہم نے اپنی عمر کے گروپ کرکٹ سے تین ٹاپ پرفارمرز کو شامل کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن