لاہور(سپورٹس رپورٹر)سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کرؤٹ ہوگئی، جواب میں کیویزٹیم نے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان 165 رنز بنا لیے۔مہمان ٹیم کے اوپنرز نے شاندار آغاز کیا۔ ٹام لیتھم 78 اور ڈیون کونوے 82 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید273رنز درکار جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں ۔ قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ اور سپن بائولرز نے وکٹ لینے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہیں مل سکی‘میر حمزہ ‘وسیم جونیئر‘نعمان علی ‘محمد ابرار‘کپتان بابر اعظم کسی بیٹر کو آئوٹ کرنے میںناکام رہے ۔قبل ازیں میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 317 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساوتھی کے ہاتھوں آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ نعمان علی کی وکٹ گرنے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ساتھ نہ دے سکا۔آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد وسیم دو‘میر حمزہ ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے ۔ محمد ابرار چھ رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ کیوی کپتان ٹم ساوتھی نے تین جبکہ ایش سوڈھی، اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بائولر نیل واگنر ایک ہی وکٹ لے سکے۔قومی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔