لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس گزشتہ روز کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل،ایس ایس پیز آپریشن اینڈ انوسٹی گیشن،ایس ایس پی ایڈمن،ایس پی سکیورٹی،ایس پی ہیڈکوارٹرز، تمام ڈویژنل ایس پیز،ایس پیز ڈولفن سکواڈ،سی آئی اے،سی آر او،اے وی ایل ایس،اے ایس پیز سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے امن و امان اور کرائم کنٹرول کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے لاہور پولیس نے تمام پولیس افسران کو ہر جمعتہ المبارک کے دن اپنے دفاتر میں اردل روم منعقد کرکے تقرر و تبادلوں سمیت ملازمین کے جائز مسائل کی شنوائی کی ہدایت کی۔ شہریوں اور سائلین کیلئے انصاف کی فراہمی ان کے گھر کی دہلیز پر یقینی بنانے کیلئے ہفتہ وار کھلی کچہریوں کے انعقاد کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران سائلین کے مسائل شکایات کی براہ راست دادرسی کریں۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر پولیس انتہائی چوکس رہے اور تھانوں سمیت تمام پولیس دفاتر کی سکیورٹی بڑھا دی جائے۔