لاہور(خبرنگار) ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نازیہ موہل، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی او ریسکیو 1122،ایل ڈی اے، واسا، ایم سی ایل ،سول ڈیفینس، ہیلتھ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ میٹنگ میں پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگز ریگولیشنز اور پنجاب کمیونٹی سیفٹی ایکٹ 2021 کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ڈی او ریسکیو 1122 شاہد احمد نے ڈی سی لاہور کو بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے لاہور کے تمام شادی ہالز اور مارکیز میں فرسٹ ایڈ، فائر سیفٹی کے آلات اور ایمرجنسی اخراج کے حوالے سے سروے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام شادی ہالز میں فائر سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور کہا کہ تمام شادی ہالوں میں سیفٹی کے سٹینڈرڈ پر ہر صورت عمل درآمد ہوگا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز شادی ہال کی ایسوسی ایشن اور ریسکیو 1122 ملکر سروے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شادی ہال کے سٹاف کو فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ بھی دی جائے۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ لاہور کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی فائر سیفٹی کے سٹینڈرڈ پر عملدرآمد کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 495 بلند عمارتوں فائر سیفٹی کے حوالے سے(D)کیٹیگری میں ہیں اور ان کو(A) کیٹیگری میں لانے کے لیے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ شدید دھند میں ٹریکٹر ٹرالی سڑک کنارے کھڑی کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور کی تمام مارکیٹوں کا سروے اور وہاں کی انتظامیہ کو فائر سیفٹی اور فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس گیس کی لیکیج کو چیک کریں اور ہیٹر کو کھلا نہ چھوڑیں۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ عوام الناس کی جان اور ان کی پراپرٹی کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہری بھی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ لاہور کا ساتھ دیں۔
شادی ہالز میں فائر سیفٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر
Dec 28, 2022