کوئٹہ (بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء ا للہ لانگو نے کہا کہ گوادر حق دو تحریک کے بیشتر مطالبات ما ن لئے گئے ہیں انکے وہ مطالبات جن کو صوبائی حکومت حل کرسکتی ہے وہ مطالبات حل کئے جاچکے ہیں۔ ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ کیلئے ماہی گیروں کو مزدور کا درجہ دیدیاگیا ہے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حق دو تحریک کے کچھ ایسے بھی مطالبات ہیں جو صوبائی حکومت کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں ان کے یہ مطالبات بالکل جائز ہیں صوبائی حکومت نے ان کے مطالبات کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے مطالبات پر عملدرآمد کیلئے ٹھوس موقف اپنائے گی اور اس کیلئے ہم گوادر کے عوام اور حق دو تحریک کے ساتھ مل کر ان کے مطالبات کے حل کیلئے وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور ایران میں موجود بارڈر مینجمنٹ کمیٹی کے سامنے گوادر کے عوام کے تمام مطالبات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ گوادر میں حق دو تحریک کے تمام مطالبات سنے گئے ہماری بھی کوشش ہے کہ تمام مطالبات خوش اسلوبی سے حل کئے جائیں ،لیکن ایسے تمام احتجاج جو گوادر کو ترقی کو متاثر کرتے ہیں ان سے ہر صورت اجتناب کرنا چاہئے ۔
ضیاء اللہ لانگو