پاکستان کیخلاف ٹیسٹ کا تیسرا روز، نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز برابر کرنے کیلئے 85رنز درکار

Dec 28, 2022 | 17:24

ویب ڈیسک

کراچی کے نیشنل بینک ارینا اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 4 وکٹس کے نقصان پر 353 رنز بنا لیے۔ نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز برابر کرنے کیلئے 85رنز کی مزید ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کیوی بیٹرز نے گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ رنز بنائے .تاہم نیوزی لینڈ کے 4 کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگئے۔مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 183، دوسری 231، تیسری 272 جبکہ تیسری 337 کے مجموعی اسکور پر گری۔ آؤٹ ہونے والے کیوی کھلاڑیوں میں 113 رنز بنانے والے ٹام لیتھم بھی شامل ہیں۔وکٹ کیپر بیٹر ڈیوون کانوے نے 92 رنز بنائے اورنروس نائنٹیز کا شکار ہو کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔  کین ولیمسن نے 139 گیندیں کھیل کر 66 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ہینری نکولس نے 22 رنز بنائے اور نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ڈیرل مچل نے 47 گیندوں پر 42رنز بنائے اور ابرار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔اپنی پہلی اننگز میں پاکستان نے 10 وکٹس کے عوض 438 رنز بنائے .جس میں کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 161، آغا سلمان نے 103، سرفراز احمد نے 86 جبکہ امام الحق نے 24 رنز بنائے۔


 

مزیدخبریں