آئندہ برس مہنگائی میں کمی متوقع، غیرملکی سرمایہ کاری، برآمدات میں اضافہ، خسارے کم ہو گئے: وزارت تجارت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزارت خزانہ نے دسمبر کی ماہانہ اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت کی بتدریج بحالی کا عمل جاری ہے۔ نومبر میں پاکستان سٹاک ایکسچنج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ زرعی شعبے کی کارکردگی مثبت دکھائی دے رہی ہے۔ ربیع سیزن کے پیداواری اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں اور پنجاب میں گندم کے پیداواری رقبے میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی سے نومبر تک غیر ملکی سرمایہ کاری میں 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی سے اکتوبر تک اخراجات میں 35 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی دوران جاری اخراجات میں 44 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جولائی سے اکتوبر تک سود کی ادائیگیوں میں 63 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی 28.5 فیصد تک رہنے جبکہ جنوری 2024 میں 25 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ جولائی سے نومبر تک برآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس مدت میں درآمدات 16 فیصد کم ہوئیں۔ اسی دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 64.5 فیصد کم ہوا جبکہ جولائی سے اکتوبر تک بجٹ خسارے میں 31.9 فیصد کمی ہوئی۔ رواں مالی جولائی سے نومبر ترسیلات زر، لارج سکیل مینوفیکچرنگ، ترقیاتی اخراجات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات، گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گزشتہ ماہ مہنگائی بڑھی۔ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں سال 2024ء کے دوران مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیش گوئی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں سیزن کے دوران گندم کی کاشت کیلئے ہدف سے کم رقبے پر بیجائی کی گئی۔ ایف بی آر ریونیو، زرعی شعبے کے قرضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بیرونی سرمایہ کاری 8.1 فیصد اضافے کے ساتھ 69 کروڑ 484 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع وزارت تجارت کے مطابق دسمبر کے پہلے 20 روز میں یکم سے 20 دسمبر 2023 تک برآمدات ایک ارب 92 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں برآمدات کا حجم ایک ارب 45کروڑ ڈالر تھا۔ درآمدات میں 12.8 فیصد کمی ہوئی جبکہ یکم تا 20 دسمبر 2023ء تک درآمدات 2 ارب 76 کروڑ ڈالر رہیں۔ درآمدات کا حجم 3 ارب 17 کروڑ ڈالر تھا۔

ای پیپر دی نیشن