کرپشن ‘سابق پی ایچ ایف عہدیداروں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنیکی سفارش

Dec 28, 2023

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر طارق حسین بگٹی نے قومی کھیل کے معاملات میں مبینہ کرپشن کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے،صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد طارق بگٹی نے وزارت داخلہ کو خط لکھتے ہوئے مبینہ کرپشن کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی،اس حوالے سے پیغام میں صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ایف آئی اے میں کچھ کیسز چل رہے ہیں جن کی انکوائری ہورہی ہے جس پر انہوں نے ایک خط وزارت داخلہ کو لکھا ہے۔ خط میں وزارت داخلہ سے کہا گیا ہے کہ جن افراد کیخلاف تحقیقات چل رہی ہیں ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور جب تک تحقیقات مکمل نہ ہوجائے کسی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ اگر وہ افراد الزامات سے بری ہوجائیں تو کہیں بھی جاسکتے ہیں لیکن اگر کچھ ثابت ہوا تو ان کیخلاف سختی سے نمٹا جائیگا اور وہ پیسہ واپس لیکر ہاکی کے فلاح و بہود پر لگایا جائیگا۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کو چند روز پہلے نگران وزیر اعظم نے پی ایچ ایف کا صدر نامزد کیا تھا۔

مزیدخبریں