لاہور (نامہ نگار) سال2023 میں پنجاب بھر میں 4لاکھ 7ہزار 300 ٹریفک حادثات ہوئے۔ جن میں 3ہزار 888 افراد جاں بحق ہوئے۔ سب سے زیادہ حادثات موٹرسائیکل سواروں کے ہوئے۔ جن کی تعداد 3لاکھ 58ہزار 558 ہے۔ گاڑیوں کے 41ہزار 898، رکشے کے 28 ہزار 381حادثات ہوئے۔ بس کے 3ہزار 729 جبکہ وین کے 11ہزار 787 حادثات رونما ہوئے۔2023 میں حادثات کی شرح 2022 کے مقابلے میں 4.8فیصد زیادہ رہی۔ سال 2023 میں لاہور میں ٹریفک حادثات کی تعداد 91ہزار 418 رہی، جن میں413 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 258ٹریفک حادثات ہوئے۔ زیادہ حادثات موٹرسائیکل کے ہوئے جن کی تعداد 67ہزار 508رہی۔ جبکہ گاڑی کے 11ہزار 608، رکشے کے 5ہزار 923 حادثات ہوئے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کا کہنا ہے کہ رواں سال بھی زیادہ موٹرسائیکلوں کے حادثات ہوئے اور موٹرسائیکل حادثات کی بڑی وجہ تیز رفتاری ہے جبکہ ایکسیڈنٹ کے باعث اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہے۔