اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ ڈویژن نے نئی گاڑیاں خرید لیں۔ گاڑیاں اپریل 2022 سے فروری 2023 کے درمیان میں خریدی ہیں۔ خیال رہے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی خستہ حالی کو دیکھ کر کفایت شعاری پر زور دیا تھا اور نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی بھی عائد کی تھی۔ تاہم ابھی کابینہ ڈویژن کی جانب سے سینٹ میں جمع کرائی گئی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ کابینہ ڈویژن نے بیرون ممالک سے آئے مہمانوں، وفد کے پروٹوکول کے لیے 7 کروڑ سے زائد مالیت کی 8 گاڑیاں خریدی گئیں ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے 15 نئی گاڑیاں خریدنے کی درخواست فنانس ڈویژن کو دی تھی، فنانس ڈویژن کی کفایت شعاری پر مبنی کمیٹی نے 8 نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی تھی۔ کابینہ ڈویژن نے 8 نئی خریدی جانے والی گاڑیوں کی تفصیلات کے مطابق 29 سیٹر وی آئی پی کوسٹر 1 کروڑ سے زائد رقم میں خریدی گئی، جبکہ 14 سیٹر ہائی روف وین 1 کروڑ 7 لاکھ سے زائد رقم میں خریدی گئی۔ اس کے علاوہ 1800 سی سی کی 6 گاڑیاں 4 کروڑ 49 لاکھ سے زائد رقم میں خریدی گئی۔
پابندی کے باوجود کابینہ ڈویژن نے کروڑوں کی 8 نئی گاڑیاں خریدیں‘ دستاویز
Dec 28, 2023