لاہور؍اسلام آباد ؍ راولپنڈی؍پتوکی ؍فیروزوالہ؍ وزیر آباد؍ سرگودھا (نامہ نگار++نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگاران+ سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی) چونگی امرسدھو کے قریب دھند کے باعث کار نالے میں گرنے سے نارووال کارہائشی فیصل طفیل جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے زخمی اور جاں بحق شخص کی نعش ہسپتال منتقل کر دی۔ علاوہ ازیںپتوکی میں3 حادثات میں ایک شخص جاں بحق ‘ 10 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ پہلا حادثہ پھولنگر بائی پاس کے قریب پیش آیا مویشیوں سے بھرا ٹرک پول سے ٹکرا گیا اورڈرائیور موقع پر دم توڑگیا‘ دوسری جانب سراں اڈہ کے قریب متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔جاںبحق شخص کی شناخت 45 سالہ اکرم کے نام سے ہوئی ۔مزید براں فیروزوالہ میںشدید دھند کے باعث حادثات میں 2 افراد ہلاک ‘22 زخمی ہو گئے۔ مریدکے روڈ پر شہزاد ٹاؤن کے قریب ٹریکٹر ٹرالی 2 مسافر بسوں اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم میں ایک شخص جاںبحق جبکہ ماں بیٹی سمیت8افرا د زخمی ہو ئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔ خانپور نہر کے قریب تیزرفتار گاڑی کی زد میں آ کر نوجوان دم توڑگیا۔ کوٹ عبدالمالک کے قریب دو بسیں ٹکرانے سے 12 افراد زخمی ہو ئے۔دریں اثناء وزیرآباد میںجنڈیالہ ڈھاب والا کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹرک اور کوسٹر کے تصادم میں 3خواتین سمیت 7افراد زخمی ہوئے۔ علی پور چٹھہ سے گجرات یونیورسٹی کی بس ساروکی کے قریب ڈمپر سے ٹکرا گئی‘50 سے زائد طالبات سوار تھیں‘ چند کو معمولی زخم آئے۔ فتح پور روڈ پر کار سڑک سے اتر کر فش فارم میں جا گری جسے مقامی لوگوں نینکالا‘مسافر محفوظ رہے۔ دریں اثناء سرگودھا میں حد نگاہ صفر ہوگئی، مسافروں اور عوام کو دشواری کا سامنا رہا۔قصبہ بھیرہ میں سیم نالہ پر ایمبولینس نالہ میں گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق مال روڈ،کنال روڈ، فیروپور روڈ، جیل روڈ،ٹھوکر نیاز بیگ، قائداعظم انٹرچینج، گجومتہ و گرنواح میں شدید دھندکا راج رہا۔ترجمان سیف سٹی نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنا نے کی ہدایت کی ہے۔ شہری ایمرجنسی اطلاع فوراً 15 پر دیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم 2شدید دھند کے باعث لیلہ سے کوٹ مومن اور ایم 1 پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے ۔ شہری دھند کہ اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں ،تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔سفرسے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130سے معلومات حاصل کریں۔علاوہ ازیں دھند کی وجہ سے پی آئی اے کو بھی فضائی آپریشن میں دشواری کا سامنارہا۔ کم حد نگاہ کے باعث لاہور، ملتان اور سیالکوٹ کی پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ حکام کے مطابق یہ پروازیں تبدیل یا تاخیر کا شکار ہوسکتی ہیںمسافر ائرپورٹ آنے سے قبل پی آئی اے کال سنٹر سے اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کریں۔
دھند: کئی شہروں میں حد نگاہ صفر، حادثات، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، پروازیں متاثر، موٹرویز بند
Dec 28, 2023