لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ایران کے قونصل جنرل مہران موحدفر نے منصورہ میں ملاقات کی، نائب امیر لیاقت بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین، غزہ کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ امیر جماعت نے غزہ میں مظلوم مسلمانوں کی مدد پر ایران کے کردار کی تحسین کی اور کہا کہ اسے پوری امت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران تعلقات باہمی اسلامی بھائی چارے پر مشتمل ہیں۔ پاکستان، ایران اور افغانستان کو مل کر خطے میں امن اور ترقی کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے وہ حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ کرپشن سے کمائی گئی دولت کی بنیاد پر جعلی سٹیٹس کے حامل ٹولہ کے دن گنے جاچکے، باشعور عوام بیدار ہو گئے، 8فروری کوظلم و ناانصافی کے سومنات پاش پاش ہوجائیں گے۔ خاندانوں کی بادشاہت کی بجائے اب عوام کو حق حکمرانی دیا جائے۔جن پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں مستحکم جمہوری نظام نہیں چاہتیں، ان کے لیے سٹیٹس کو میں ہی زندگی ہے۔طرفہ تماشا یہ ہے کہ پارٹیوں کا وجود پہلے قائم ہوجاتا ہے، منشور اور نظریات بعد میں تخلیق ہوتے ہیں، جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس میں قیادت کا انتخاب شفاف جمہوری طریقے سے ہوتا ہے، ہم نے الیکشن مہم کے آغاز سے قبل انقلابی منشور دیا جس کا مقصد ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے، اقتدار میں آکر منشور پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، عوام مہنگائی سے جان چھڑانے، کرپشن سے نجات اور امن کے قیام کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری صدی میں پارلیمنٹ کے ذریعے موروثیت اور جاگیرداری نظام کو مسلط کرنا شرمناک ہے۔ الیکشن مہم میں دولت کی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ عوام کو صاف، شفاف اور آزادانہ طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ جمہوریت مضبوط ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا، امن اور خوشحالی آئے گی۔