میلبرن ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، آسٹریلیا کے 186 پر 6 آؤٹ، 241 رنز کی برتری

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری میلبرن ٹیسٹ میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا جس میں آسٹریلیا کو اب تک 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔تیسرے دن کے آغاز پر پاکستانی بلے بازوں محمد رضوان  اور عامر جمال نے 6 وکٹوں کے نقصان پر  194 رنز سے کھیل کی شروعات کی تھی۔محمد رضوان 51 گیندوں پر 42 رنز بناکر کمنز کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ اسکور میں صرف 2-2 رنز کا اضافہ کر پائے جبکہ عامر جمال 80 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو شاہینوں نے ان پر تابڑ توڑ حملے کیے، اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا جب کہ لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔میر حمزہ نے 2 گیندوں پر 2 شکار کیے جس میں انہوں نے خطرناک بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔4 وکٹیں گرنے کے بعد مچل مارش اور اسمتھ نے بیٹنگ کو سنبھالا اور دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم مچل مارش سنچری کےقریب پہنچ کر 96 رنز پر میر حمزہ کا شکار بنے جس کے بعد اسٹیو اسمتھ بھی 50رنز بناکر187 کے مجموعے پر شاہین آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔آسٹریلیا کی ٹیم نے تیسر دن کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 187 رنز بنا لیے اور اسے مجموعی طور پر 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ای پیپر دی نیشن