شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن 2024ء کیلئے ملک بھر کی177 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے صرف 10 سیاسی جماعتوں سے قومی و صوبائی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحی لسٹ برائے سکروٹنی طلب کی ہے۔ ان سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین، پاکستان مسلم لیگ ن، تحریک لبیک پاکستان، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق،استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے قومی و صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے اپنی پارٹی کی ترجیحی لسٹیں ریٹرنگ آفیسرز کو ارسال کر دی ہے جنہوں نے 28 دسمبر کو سکروٹنی کیلئے امیدواروں کو طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے سکروٹنی کیلئے آویزاں کی گئی سیاسی جماعتوں کی لسٹ میں پاکستان تحریک انصاف کا نام شامل نہ ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف نظریاتی کا انتخابی نعرہ کرپشن کی سزا موت ہے اور چند دنوں تک ہم اپنا انتخابی منشور بھی عوام کے سامنے لائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی نے گزشتہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا تھا اور اس مرتبہ بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف نظریاتی کو بلے باز کا انتخابی نشان الاٹ کیا ہے۔