ڈھاکہ(ثناء نیوز) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں فوج نے بنگلہ دیش رائفلز کے ہیڈ کوارٹر کاکنٹرول سنبھال لیا۔ تاہم بنگلہ دیش رائفلز کے 200 باغی اہلکار گرفتار کر لئے گئے۔ ڈھاکہ میں سڑکوں پر ٹینک اور اسلحہ بردار گاڑیاں گشت کر رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے مذاکرات کار محبوب آرا نے کہا کہ تمام باغیوں نے سرنڈر کر دیا ہے اور محصور کمپائونڈ میں موجود تمام فوجی افسروں اور ان کے خاندانوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ شازا خاتون نے کہا ہے کہ کمپائونڈ کا کنٹرول سکیورٹی فورسز نے سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہاں سے مزید کوئی لاش نہیں ملی۔ آن لائن کے مطابق تنازعہ کے دوران بنگلہ دیش رائفلز کے ڈائریکٹر جنرل سمیت بائیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ڈھاکہ سے باہر جانے والے تمام راستوں اور بنگلہ دیش رائفلز کی بیرکوں کی اطراف چیک پوائنٹس قائم کر دی گئی ہیں۔ اے ایف پی کیمطابق130 سے زائد لاپتہ افراد کی تلاش کے دوران بنگلہ دیش رائفلز کے ہیڈ کوارٹر کے احاطے میں اجتماعی قبر سے 58 اہلکاروں کی لاشیں ملی ہیں۔