کراچی سٹاک مارکیٹ میں غیرملکی سرمایہ کار اور ملکی مالیاتی ادارے ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں۔ جس کے سبب کاروبارکے آغازسے جاری تیزی اختتام تک برقراررہی اورانرجی سٹاکس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بدولت کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس تین سو انیس پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ ہزارچھ سوآٹھ پوائنٹس پربند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی کاروباری حجم پندرہ کروڑ تیس لاکھ شیئرز رہا۔ بروکرزکا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے آٹھ سو سے زائد پوائنٹس کی مندی کے بعد شیئرز کی پرکشش قیمتیں اوراچھے مالیاتی نتائج نے مارکیٹ کو سپورٹ کیا ہے۔ دوسری طرف لاہورسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی رہی۔ ایل ایس ای انڈیکس ایک سو چونتیس پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ تین ہزارچار سو اٹھانوے پوائنٹص پربند ہوئی۔ مارکیٹ میں ایک سو پانچ کمپنیوں کے حصص کا کاروبارہوا۔ انسٹھ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، پانچ کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ اکتالیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔