بابراعوان اسلام آباد میں پلڈاٹ کے زیراہتمام انتخابی قوانین ترمیمی بل دو ہزارگیارہ کا جائزہ کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدررواں ماہ ہی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبردو ہزار بارہ میں نگران حکومت قائم ہوگی تاہم اس حکومت میں شامل کوئی بھی شخص انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ بابراعوان کا کہنا تھا کہ وہ وقت آگیا ہے جب کوئی قلم ، ترازو یا بندوق کے انتخابی نتائج کو تبدیل نہیں کرسکے گا۔ سیمینار سے خطاب میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دینا چاہیے۔ نادرا بیرون ممالک میں اپنا نظام قائم کرے۔ سیمینارسے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان محمد جمالی، سید نیرحسین بخاری اوراحمد بلال محبوب نے بھی خطاب کیا۔