مسلم لیگ (ن) کا کسی کالعدم تنظیم سے تعلق نہیں، رحمن ملک جھوٹے ہیں: رانا ثناء

Feb 28, 2013


لاہور (وقت نیوز) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے وقت نیوز کے پروگرام ”سٹریٹ فارورڈ“ میں کہا ہے کہ وزیر داخلہ رحمن ملک ایک جھوٹے شخص ہیں وہ صوبوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، رحمن ملک کے غیرملکی ایجنسیوں سے تعلقات ہیں۔ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج ہے۔ ایف آئی آر میں ملک اسحاق اور مولانا احمد لدھیانوی کے نام شامل کیوں نہیں کئے گئے۔ پیپلزپارٹی کے تمام لوگ مسلم لیگ (ن) میں آنے کو تیار ہیں۔ پیپلزپارٹی میں وہ لوگ رہ گئے ہیں جن کی ن لیگ میں گنجائش نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا کسی کالعدم تنظیم سے تعلق نہیں۔ طالبان پنجابی ہیں نہ پٹھان نہ سندھی وہ بس طالبان ہیں۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اشتہار بازی کے ذریعے اپنے فرضی اور جعلی منصوبوں کی یاد میں آہیں بھرنے والے پرویزالٰہی نے اپنے دور حکومت میں پنجاب کو کنگال بنا کے رکھ دیا تھا۔ اشتہار بازی چودھری برادران کی گرتی ہوئی ساکھ کو سہارا نہیں دے سکتی، بے اختیار نائب وزیراعظم پرویزالٰہی کو ”تانگہ پارٹی کا صوبائی صدر“ بننے پر ”مبارکباد“ پیش کرتے ہیں، لوٹ مار اور ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والے آئندہ انتخابات میں تن تنہا نظر آئیں گے۔ پرویزالٰہی آئندہ انتخابات میں شکست کیلئے ابھی سے تیار رہیں۔ ق لیگ زرداری کی گود میں بیٹھ کر بھی شکست سے بچ نہیں پائے گی، پورا ملک گواہ ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں اور اداروں نے پنجاب میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے جبکہ پرویزالٰہی دور میں صرف خیالی منصوبے تیار کئے گئے جن کا مقصد صرف اور صرف کرپشن اور کمیشن کا حصول تھا۔ عوام چوروں، لٹیروں کے اس گروہ کی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں اور انتخابات اس گروہ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔
رانا ثنائ

مزیدخبریں