ملتان (سپیشل رپورٹر) صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے دائر رٹ درخواست کو لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کر لیا ہے۔ رٹ درخواست کو عدالت عالیہ نے 6 مارچ کے لئے سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے۔ عدالت عالیہ میں رٹ درخواست فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دئیے ہیں۔ عدالت عالیہ میں رٹ درخواست دائر کرتے ہوئے غازی احمد حسن کھوکھر کی جانب سے ایڈووکیٹ کنور محمد انتظار خان نے م¶قف اختیار کیا کہ صدر زرداری کی تعلیمی قابلیت بی اے سے کم ہے۔ اس لئے وہ صدر پاکستان کے عہدے کے لئے نااہل ہیں۔ اسی طرح عدالت عالیہ میں مدعی فریق نے مزید م¶قف اختیار کیاکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری پر بدعنوانی کے بھی الزامات ہیں جبکہ وہ سیاسی جماعت کی بھی سربراہی کر رہے ہیں۔ اس لئے عدالت عالیہ انہیں کام کرنے سے فی الفور روکے۔ عدالت عالیہ میں سرکار کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے دلائل دئیے کہ 5 سال گزرنے کے بعد ایسی درخواست بلاجواز ہے اس لئے اس کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا جائے۔ عدالت عالیہ نے اس رٹ درخواست کو برائے سماعت منظوری کے لئے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد رٹ درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ درخواست کی باقاعدہ سماعت 6 مارچ کو ہو گی۔