اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کو نگران وزیراعظم کیلئے نام تجویز کرنے کی خاطر خط تحریر کردیا ہے اور اس امر پر زور دیا ہے کہ ایسے وقت میں جب پہلی مرتبہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کررہی ہے ہمیں دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔ قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کے نام خط میں وزیراعظم نے کہا جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ قومی اسمبلی آئندہ ماہ کے وسط میں اپنی مدت کی تکمیل کا سنگ میل عبور کر رہی ہے ، یہ ایک تاریخی کامیابی ہوگی جس میں ملک کی سیاسی جماعتوں کو بالغ نظری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، یہ واحد کامیابی بھی جمہوریت کی مضبوطی اور پاکستان کے عوام کی مرضی کی بالادستی کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام سیاسی جماعتیں اور قومی ادارے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران جمہوری عمل کی مسلسل حمایت پر خصوصی مبارکباد اور تحسین کا حق رکھتے ہیں ، ملک اب مدت کی تکمیل پر قومی اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ عام انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت نگران وزیراعظم کی تقرری کیلئے اتفاق رائے پیدا کریں جو قومی مفاد کی بالادستی اور ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہم سے بجا توقع رکھتے ہیں کہ ہم اس موقع پر انتہائی مناسب شخصیت کو نگران وزیراعظم بنائینگے اور ایک غیر جانبدار، منصفانہ اور شفاف انداز میں عام انتخابات کی راہ ہموار کرینگے۔ ہمیں پاکستان کے عوام کو ایک مثالی ماحول میں اپنی رائے کے اظہار کا موقع دینا ہے اور آنے والی منتخب حکومت کو اقتدار کی مربوط منتقلی کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ سے قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی رائے میں ان شخصیات کے نام تجویز کریں جو نگران وزیراعظم آف پاکستان کی تقرری کی اہلیت رکھتے ہوں اگر آپ جلد از جلد اپنی نامزدگیاں بھیجےں گے تو میں آپ کا ممنون ہوں گا تاکہ ہم قومی اسمبلی کی تحلیل سے قبل نگران وزیراعظم کے معاملے پر اتفاق رائے تک پہنچ سکیں، بصورت دیگر ہم آئین کے آرٹیکل 224(A)کے تحت اس معاملے کو مزید آگے بڑھانے پر مجبور ہونگے۔224 (A) کے تحت معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا اور وہ بھی متفق نہ ہوئی تو الیکشن کمشن کے پاس جائے گا۔
ممنون ہوں گا.... ! قومی اسمبلی کی تحلیل سے قبل نگران وزیراعظم کے لئے نامزدگیاں بھجوا دیں: پرویز اشرف کا نثار کو خط
Feb 28, 2013