کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+آن لائن) صدر آصف زرداری آج ایران سے کوئٹہ پہنچیں گے۔ ان کے کوئٹہ میں مختصر قیام کے دوران بلوچستان میں گورنر راج کے خاتمے کا امکان ہے۔ صدر بلوچستان اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔ گورنر راج کے خاتمے کے بعد اتحادیوں سے نئے قائد ایوان کے لئے مشاورت کا آغاز ہو گا۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے صادق عمرانی اور عبدالرحمان جمالی کے نام زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدر، گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی اور پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر رکن صوبائی اسمبلی صادق عمرانی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے وہ صوبے میں گورنر راج کے خاتمے کے بارے میں بھی گورنر بلوچستان، پارلیمانی گروپ کے ارکان اور دیگر شخصیات سے صلاح مشورہ کریں گے۔ صدر کی کوئٹہ آمد کے موقع پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے ائرپورٹ سے لے کر گورنر ہاﺅس تک بڑے بڑے بینرز سڑکوں پر آویزاںکئے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں صدر پاکستان شام کو واپس اسلام آباد روانہ ہوں گے۔