لاہور (خصوصی رپورٹر) نائب وزیراعظم اور ق لیگ کے سینئر رہنما چودھری پرویز الٰہی آئندہ چار سالہ مدت کیلئے ق لیگ پنجاب کے بلامقابلہ صدر اور پنجاب اسمبلی میں مسلم ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین خاں ایک مرتبہ پھر جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ہاﺅس میں پارٹی کے صوبائی عہدیداروں کے انتخابات عالمگیر ایڈووکیٹ کی سربراہی میں قائم الیکشن کمیٹی نے کروائے جس میں مشتاق غنی (خیبر پی کے)، رافع احمد خاں (سندھ) اور سردار عبدالرزاق خان (آزاد کشمیر۔اسلام آباد) شامل تھے۔ الیکشن ٹربیونل میں چیئرمین میاں عبدالستار اور ممبر شیخ عمر حیات شامل تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے مندوبین منتخب کئے جانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی پچھلی صوبائی حکومت میں عوامی خدمت کے جو شاندار کام کئے تھے اس کی بنیاد پر” شیخ چلی“ اور ان کے بھائی کی پارٹی کو آنے والے الیکشن میں شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن تیار ہو جائیں اور گلی کوچوں میں پھیل جائیں، پنجاب میں نام نہاد خادم اعلیٰ کی پارٹی کا یوم حساب قریب ہے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین نے پارٹی کی پنجاب میں پانچ سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ ہم نے 5سال پنجاب کے جابر حکمرانوں کے خلاف اپوزیشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں ق لیگ ظالموں کو ووٹ کے ذریعے ہرا کر پچھلا حساب بے باک کر دے گی۔ صوبائی جنرل کونسل نے ایک قرارداد میں سستی روٹی سکیم، لیپ ٹاپ، دانش سکول، آشیانہ، ییلو کیب سکیم، گرین ٹریکٹر سکیم اور میٹرو بس سمیت سولر سسٹم کے ناکام منصوبوں کی آڑ میں قومی دولت کے ضیاع کی مذمت کی گئی۔ ایک اور قرارداد میں پنجاب حکومت کی عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکامی پر مذمت کی گئی۔