لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میٹرو بس سسٹم کا اچانک دورہ کیا اور عام مسافروں کی طرح میٹرو بس میں سفر کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان ریذیڈنٹ مشن مسٹر ورنرلی پیک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے قطار میں کھڑے ہو کر عام مسافروں کی طرح اتفاق بس سٹیشن سے ٹوکن لیا۔ بس میں رش کے باعث وزیراعلیٰ نے اتفاق سٹیشن سے یادگار چوک تک کا سفر کھڑے ہو کر کیا۔ وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر مسافروں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ”شہباز شریف زندہ باد “ کے نعرے لگائے۔ بزرگ خواتین، طالبات اور مرد حضرات نے وزیراعلیٰ کو میٹرو بس سروس کے اجراءپر مبارکباد دی۔ اس موقع پر مسافروں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ جس طرح آپ نے ٹرانسپورٹ کا فرسودہ نظام ٹھیک کیا ہے اسی طرح بجلی کا مسئلہ بھی ٹھیک کردیں جس کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو بجلی کا نظام بھی درست کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا میٹرو بس سسٹم کا اچانک دورہ
Feb 28, 2013