میرٹ ترقی کا واحد راستہ ہے‘ اسے ملک اور معاشرے کا جھومر ہونا چاہئے: شہباز شریف

Feb 28, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی شعبہ کی بہتری اور علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں بکھیرنے کے لئے اربوں روپے خرچ کئے ہیں جس کی ملک کی 65 سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے پانچ سالہ دور اقتدار میں تعلیمی شعبے پر صرف 10 ارب روپے خرچ کئے گئے ”پڑھا لکھا پنجاب“ کے نام پر کروڑوں روپے اشتہار بازی پر ضائع کئے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے تعلیمی شعبے کی بہتری پر گذشتہ پانچ برسوں میں 111 ارب روپے خرچ کئے ہیں۔ صوبے بھر کے میرٹ سکالرز میں اربوں روپے سے لیپ ٹاپ، سولر لیمپس، تعلیمی وظائف کی تقسیم کے علاوہ 4 ہزار سے زائد سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کر کے تعلیمی شعبے میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ وہ انجینئرنگ یونیورسٹی میں لاہور کے سکولوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ لاہور کے سرکاری سکولوں اور کالجوں کے میرٹ سکالرز میں 25 ہزار سولر لیمپس تقسیم کئے جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ تمام تعلیمی پروگراموں اور دیگر منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت کو ہی اولین ترجیح دی گئی ہے۔ میرٹ ملک کی ترقی کا واحد راستہ ہے اسے پاکستان اور معاشرے کا جھومر ہونا چاہئے۔ اگر میرٹ پالیسی کو پورے پاکستان میں لے جانا ہے تو پھر 18 کروڑ عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنا ہو گا اور ایسی قیادت منتخب کرنا ہو گی جو ملک میں اندھیروں کو ختم کر کے اجالے لیکر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ، انصاف کے بول بالا، قانون کی حکمرانی کے ذریعے پاکستان کو قائدؒ و اقبالؒ کا ملک بنایا جا سکتا ہے۔ غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کئے جا سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں دنیا کا بہترین میٹرو بس سسٹم رائج کیا گیا ہے جس سے ٹرانسپورٹ کے کلچر میں تبدیلی آئے گی۔ میٹرو بسوں میں خادم پنجاب، صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، پروفیسرز، وکلا، سرکاری افسران اور محنت کش اکٹھے سفر کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بنک نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شعبہ توانائی میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے آج ماڈل ٹاﺅن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جس کے تحت پانی، کوئلے اور دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے تعاون کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے بحران کے باعث معیشت کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے۔ بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ وزیر اعلیٰ سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن کی سربراہی میں جرمن پاور کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور پنجاب میں توانائی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے جرمن سفیر اور پاور کمپنیوں کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔ توانائی کی کمی کے باعث ملکی معیشت سست روی کا شکار ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے راولپنڈی میں راجہ اکرم کالونی کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی دیوار گرنے کے واقعہ اور جنرل ہسپتال میں پارکنگ سٹینڈ فیس وصول کرنے کا نوٹس لے لیا ہے۔ شہباز شریف نے شاعر و ادیب میاں اقبال اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

مزیدخبریں