کولمبو (سپورٹس ڈیسک) سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز مرلی دھرن اور سنتھ جے سوریا نے پاکستان کے قومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ انہیں یہ پیشکش سابق ٹیسٹ کرکٹر باسلط علی نے کی تھی جو اس وقت سوئی نادرن گیس کی ٹیم کے کوچ ہیں۔ اس ٹیم میں مصباح الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، عمر اکمل، عدنان اکمل اور توفیق عمر جیسے ٹیسٹ کرکٹرز کھیلتے ہیں۔ باسط علی نے بی بی سی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ گذشتہ دنوں سری لنکا میں ورلڈ میمن کمیونٹی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے موقع پر ان کی ملاقات سنتھ جے سوریا اور مرلی دھرن سے ہوئی تھی۔ انہوں نے ان دونوں کرکٹرز کو پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں ہونے والے ایک روزہ ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی طرف سے کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی جس پر دونوں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آ کر کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ سنتھ جے سوریا گذشتہ سال اکتوبر میں انٹرنیشنل الیون کے ساتھ پاکستان آئے تھے۔ ان میچوں کا انعقاد ڈاکٹر محمدعلی شاہ مرحوم نے کیا تھا۔