لاہور (سپورٹس رپورٹر) دوسرا شہید بینظیر بھٹو ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 4 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔ 7 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں چار صوبائی ٹیموں کے علاوہ ایک وفاقی دارلحکومت اور ایک زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم شامل ہے۔ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان جبکہ گروپ بی میں زرعی ترقیاتی بنک، فیڈرل ایریا اور خیبر پی کے کی ٹیم شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی ویمن ونگ کی چیئرپرسن بشریٰ اعتزاز کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کو درخواست کی جائے گی کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں شامل کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور قومی ٹیم کے لئے نئی کھلاڑیوں کو سامنے لائیں۔ پہلے شہید بینظیر بھٹو ٹورنامنٹ میں چار سے پانچ نئی کھلاڑی سامنے آئی تھیں جنہوں نے بعدازاں قومی ویمن ٹیم کی بھی نمائندگی کی۔ بشریٰ اعتزاز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویمن کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویمن کھلاڑیوں کے سال بھر میں ٹورنامنٹ کی تعداد بہت کم ہے جسے بڑھانے کے لئے پی سی بی ویمن ونگ کام کر رہا ہے۔