لاہور (این این آئی) وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی پہلی قرعہ اندازی آج جمعہ کو ہو گی۔ بینکوں کو قرضے کیلئے پینتیس ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے پانچ ہزار درخواستیں منظور ہو سکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں نیشنل بینک کو قرضے کیلئے پینتیس ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، سکیم میں پچاس فیصد کوٹہ خواتین کا ہونے کے باوجود فرسٹ وومن بینک کو صرف دوسو ستائیس درخواستیں موصول ہوئیں۔ نیشنل بینک نے تمام ضروری جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد ساڑھے چار سے پانچ ہزار درخواستیں منظورکی ہیں جبکہ فرسٹ وومن بینک نے ساٹھ درخواستوں کی حتمی منظوری دی۔ سکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو سالانہ آٹھ فیصد شرح سود پر آٹھ سال مدت کیلئے ایک لاکھ سے بیس لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کیلئے رواں مالی سال بجٹ میں پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں۔