لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے جس کے باعث نہ صرف ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ یورپی یونین کے ممالک میں پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ جی ایس پی پلس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت نے خصوصی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جلد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یورپی پارلیمنٹ کے برطانوی ممبر ڈاکٹر سجاد کریم کی سربراہی میں وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے صنعتی پیداوار بڑھانے کے ساتھ برآمدات میں اضافہ بھی نہایت ضروری ہے۔ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات بالخصوص ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے میں ڈاکٹر سجاد کریم سمیت یورپ میں موجود دیگر پاکستانی نژاد شخصیات نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ حکومت جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور تمام کنونشنز پر یورپی یونین کے سٹینڈرڈ کے مطابق عمل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی مصنوعات یورپی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرسکیں۔ حکومت جی ایس پی پلس کے تقاضوں پر پورا اترنے کیلئے تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے اور پنجاب حکومت نے اس ضمن میں خصوصی کابینہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں کی برآمدات بڑھنے سے یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا، صنعت ترقی کرے گی اور معیشت مضبوط ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے کیلئے ڈاکٹر سجاد کریم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل شعبے کو خصوصی مراعات فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ بین الاقوامی منڈی میں مسابقانہ ماحول کا مقابلہ کرسکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سجاد کریم نے کہا کہ یورپی یونین میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کا ایک شاندار موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی طرف سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل کا بھی خیرمقدم کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے اور وسائل غریب عوام پر نچھاورکرنے کا انقلابی منصوبہ ہے۔ آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں میں امراء کی کالونیوں کی طرح بہترین رہائشی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کے ذریعے بے گھر کم وسیلہ طبقات کے اپنی چھت کے خواب کو پورا کیا گیا ہے اور یہ منصوبہ معیار اور شفافیت کی اعلی مثال ہے۔ فیصل آباد اور ساہیوال میں آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کے گھروں کی جلد قرعہ اندازی کی جائے گی۔ لاہور کی طرح ان شہروں کی آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کیلئے قرعہ اندازی کا عمل بھی نہایت شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ارکان صوبائی اسمبلی شیخ علاؤالدین، رؤف مغل، محمود قادر، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور پنجاب حکومت قومی وسائل کی ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 5سالوں کے دوران آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے ذریعے ہزاروں بے گھر افراد کو گھر فراہم کیے۔ آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کے ذریعے متوسط اور کم آمدن والے طبقے کو بہترین رہائشی سہولتیں میسر آئی ہیں۔ فیصل آباد اور ساہیوال کے علاوہ بہاولپور، قصور اور چنیوٹ میں بھی آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے۔ آشیانہ قائد کی طرح فیصل آباد اور ساہیوال میں آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کے گھروں کی الاٹمنٹ کا عمل بھی شفاف طریقے سے کمپیوٹزاڈ قرعہ اندازی کے ذ ریعے مکمل کیا جائے گا۔ فلاحی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ دریں اثناء شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن)سندھ کے سینئر رہنما ارباب غلام رحیم نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میںملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے۔ قوم کی توقعات پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے شب و روز ایک کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت کی جانب سے پاکستان کیلئے 30 ارب ڈالر کے تاریخی سرمایہ کاری پیکیج پر دونوں ملکوں کے عوام کو فخر ہے۔بلا شبہ یہ سرمایہ کاری پیکیج پاکستان میںترقی اور خوشحالی کاپیش خیمہ ثابت ہوگا۔پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات سودمند معاشی رابطوں میں بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کراچی کے علاق نارتھ ناظم آباد میں معروف عالم دین علامہ تقی ہادی نقوی کے قتل کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا بڑی کامیابی ہے‘ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے: شہباز شریف
Feb 28, 2014