پنجاب کی سول بیورو کریسی کے بعد پولیس افسروں نے بھی اینڈرائڈ فون مانگ لئے

لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں سول بیورو کریسی کے بعد پولیس افسران نے بھی اینڈرائڈ موبائل فون لینے کا مطالبہ کر دیا ہے سول بیورو کریسی نے عوام کی سہولیات کے نام پر یہ موبائل فون خریدنے کا کیس بھجوایا تھا جبکہ پولیس افسران نے غیر ملکیوں کی دہشت گردوں سے حفاظت کے لئے یہ ٹیلی فون مانگے ہیں اس کے لئے آئی جی پنجاب خان بیگ نے کیس وزیراعلی پنجاب کو منظوری کے لئے بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے جو کیس بھجوایا اس میں کہا گیا ہے کہ انرجی کرائسز کے بیک ڈراپ کی وجہ سے حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بہت محنت کر رہی ہے۔ تقریباً 2611 غیر ملکی اس وقت اہم پراجیکٹ پر پنجاب میں کام کر رہے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ان غیر ملکیوں پر حملے کے الرٹ جاری ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے حالات کا تقاضا ہے کہ غیر ملکیوں کی سیکورٹی کے لئے فول پروف سیکورٹی کا بندوبست کیا جائے اچھے سیکورٹی انتظامات سے ناصرف غیر ملکیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا ان کے اعتماد میں اضافہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس جو پانچ نومبر 2013 کو منعقد ہوا اسی طرح 10 نومبر 2013 کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پولیس افسران جو غیر ملکیوں کی سیکورٹی کے لئے کام کر رہے ہیں ان کو اینڈائیرڈ فون مہیا کئے جائیں گے۔ اس کے لئے ائی جی پنجاب نے ان دونوں اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کے میٹنگ منٹس بھی اپنے کیس کے ساتھ منسلک کئے ہوئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ متلقہ ضلع کے ڈی پی او ، ڈی ایس پی، ایس ایچ اور اور جو گارڈ غیر ملکیوں کی سیکورٹی کے لئے تعینات ہیں ان کو ٹیلی فون لے کر دینے ہیں ۔ کیونکہ ضلع کا ڈی پی او، متلقہ سرکل کا ڈی ایس پی ، اور متلقہ تھانے کا ایس ایچ او ہر وقت ان غیر ملکیوں کی سیکورٹی کے لئے مصروف رہتے ہیں یا ان کی سیکورٹی کا جائزہ لیتے ہیں اسلئے 250 اینڈرائڈ ٹیلی فون کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکیوں کی سیکورٹی کے انتظامات بہتر ہو سکیں۔ اینڈرائڈ فون مارکیٹ میں 22 ہزار روپے فی کس کے حساب سے دستیاب ہے اسلئے اس لئے فون خریدنے کے لئے 55 لاکھ روپے جاری کئے جائیں۔ پولیس کو سپلیمنٹری گرانٹ کے طور پر ان موبائل فون خریدنے کی اجازت دی جائے اور رقم جاری کی جائے ۔ اس بارے میں پہلے سول بیورو کریسی نے عوامی سہولت کے نام پر تقریباً 2 ارب روپے سے زیادہ سے اینڈرائڈ ٹیلی فون، لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور دیگر آلات خریدنے کے لئے کیس منظور کیا تھا تاہم اس بارے میں پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حیرت کی کوئی بات نہیں کیونکہ اگر پولیس افسران کے کو چیک کیا جائے تو اس سے زیادہ قیمتی فون ان کے زیر استعمال ہیں۔

ای پیپر دی نیشن