اوتھل (ثنا نیوز) ڈی پی او خضدار کی گاڑی نے اوتھل میں موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا۔ 12سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ خاتون شدید زخمی۔ تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خضدار کی گاڑی کراچی سے خضدار جا رہی تھی جس نے لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل کے قریب پیر سوائی گولائی کے مقام پر موٹرسائیکل پر سوار تین افراد کو کچل ڈالا۔ 12 سالہ بچی بخت نامہ اور صدوزئی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ خاتون مانہ بنت نذر شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ڈی پی او خضدار کے ڈرائیور محمد علی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ ڈی پی او خضدار کا تبادلہ ہو گیا ہے جس کو کراچی میں چھوڑ کر گاڑی دوبارہ خضدار جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا۔