لاہور (پ ر) صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عوام پرویز الٰہی کے جھوٹے دعوؤں کی اصلیت خوب جانتے ہیں۔ ق لیگ کے لیڈروں کو انتخابات میں بدترین شکست سے سبق سیکھنا چاہئے۔ ق لیگ کا دور بدعنوانی اور اقربا پروری سے عبارت ہے۔ مسلم لیگ ن کی گڈ گورننس کا اعتراف اپنے پرائے سب کرتے ہیں۔ پرویز الٰہی کے نجی ٹی وی کو انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ق لیگ کے دور اقتدار میں ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں اور بدعنوانی کے ریکارڈ قائم ہوئے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے بیشتر منصوبے تکمیل کا درجہ نہ پا سکے۔ جھوٹ، کرپشن اور اقربا پروری ق لیگ کا نشان امتیاز ہے۔ سیاسی چالبازیوں سے عوام کو گمراہ کرنا پرویز الٰہی کا وطیرہ بن چکا ہے۔ پڑھے لکھے پنجاب کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا۔ شہباز شریف کے دور اقتدار میں میٹرو بس، دانش سکول سمیت درجنوں میگا پراجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں۔