لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ میرے ایک ٹی وی انٹرویو کو بنیاد بنا کر اور ایک فقرے کو سیاق و سباق سے الگ کر کے بعض حلقوں کی طرف سے مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ گزشتہ روز منصورہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید منورحسن نے کہاکہ انہوں نے جنگ جمل اور جنگ صفین کے حوالے سے یہ بات کہی تھی کہ اس جنگ میں دونوں طرف ’’صحابہ ؓ‘‘ شریک تھے ، ساتھ ہی واقعہ کربلا کا ذکر بھی کیا گیا اور کہاکہ دونوں طرف کلمہ گو مسلمان تھے۔ انہوں نے کہاکہ میں خود خانوادۂ رسول ؐ سے تعلق رکھتا ہوں ۔ انہو ں نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ حق پر اور یزید اور اس کا لشکر باطل پر تھا ۔ حضرت امام حسین ؓ اقتدار کے حصول کے لیے میدان کربلا میں نہیں اتر ے تھے، خلافت کو ملوکیت میں بدلنے کے خلاف ان کا جہاد تھا۔ امت کے اندر اس بارے میں دو رائے نہیں ہیں۔