اسلام آباد (وقار عباسی سے)کورم کے معاملے پر پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی حکومت کو ایوان بالا کے اجلاس کی کاروائی چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وزارت تجارت سے متعلق سوالات کے نامکمل جوابات پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنا پڑا۔ ارکان سینٹ کے گزشتہ کئی ماہ سے مؤخر سوالات زیر بحث آئے تاہم ارکان سینٹ نے ان سوالات کے تسلی بخش جوابات نہ دینے کی شکایت کی۔ قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ وزرا کام ہی نہیں کر سکتے۔ چیئرمین سینٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قائد ایوان کو اس معاملے کا نوٹس لینے کی ہدایت کی۔ وقفہ سوالات کے بعد حکومتی بنچوں پر درکار 26 میں سے صرف 14 ارکان دستیاب ہو سکے۔ آن لائن کے مطابق سوالات کے مکمل جوابات مہیانہ کرنے پر چیئرمین سینٹ نے وزرا کی شدید سرزنش کی۔ اکثر سوالات جن کے جوابات ایوان کو مہیا نہیں کئے گئے ان کو ملتوی کر دیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق سوال کا تفصیلی جواب نہ ملنے پر چیئرمین نے اسے مؤخر کر دیا۔ برجیس طاہر نے آزادکشمیر انتخابات کے حوالے سے دو روز قبل اٹھائے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا آزادکشمیر کے ضمنی انتخابات پرامن انداز میں مکمل ہوئے تھے۔ چوبیس فروری کو ہونے والے احتجاج اور ہلاکت کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔ ابھی وفاقی وزیر کا بیان جاری تھا سینیٹر سعید غنی نے ایوان میں آکر کورم کی نشاندہی کر دی۔ واضح رہے منگل کو بھی اپوزیشن نے سینٹ میں وزیر امور کشمیر کو موقف پیش کرنے سے روکنے کیلئے کورم کی نشاندہی کرکے اجلاس ملتوی کر دیا تھا۔