لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ایک گھنٹے تک فی البدیہہ خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ جب اجلاس میں شرکت کیلئے ہال میں آئے تو انہوںنے فرداً فرداً ہر رکن اسمبلی کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا۔ایک خاتون رکن نے وزیراعلیٰ کو کتاب پیش کی۔ خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا دھرنا سیاست کے دوران ایسے رونگٹے کھڑے کردینے والے واقعات بھی ہیں جو میرے سینے میں محفوظ ہیںاور اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اس حوالے سے کتاب لکھوں گا۔خطاب میں انہوں نے اشعار پڑھے
جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا…جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا
وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے…مجھے یقین ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا
ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچ سکتے ہیں ہم
جگنوئوں کو راستہ تو یاد ہونا چاہیے
اجلاس میں شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تصدیق پر مبارکباد دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ اور پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے خصوصی دعا بھی کی۔