اسلام آباد (ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار وزیر خزانہ نہیں، ڈپٹی وزیر اعظم ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ مئی 2015ءسے پہلے بہت کچھ تبدیل ہو جائے گا۔ حکومت کو گلگت، بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کرنے نہیں دوں گا، کرپٹ سیاستدان نے ملک میں کرپشن کر کے دبئی میں 430 ارب کی جائیدادیں بنائیں ، حکومت کی مدت کے خاتمے تک لوڈشیڈنگ کم نہیں ہو گی بلکہ مزید بڑھے گی، دوسرے صوبوں کی نسبت خیبرپی کے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری لاﺅں گا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت 480 ارب کا گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی، این اے 122کی انکوائری سے 2013 کا پورا الیکشن بے نقاب ہو جائیگا،کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار وزیر اعظم نوازشریف ہیں، نجم سیٹھی کو الیکشن میں پنکچرلگانے کے انعام کے طور پر پی سی بی کا چیئرمین لگایا گیا۔ ماجد خان کو بورڈ کا چیئرمین مقررکردیا جائے تو پی سی بی کا ڈھانچہ درست ہو جائیگا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سینٹ انتخابات میں ارکان کی بولی لگا رہی ہے۔ گلگت، بلتستان کے انتخابات میں بھی اپنے امپائر کھڑے کر کے دھاندلی کرنے جا رہی ہے۔ 2013ءکے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ کیسے پڑ گئے۔ 2013ءکے انتخابات میں 70لاکھ جعلی ووٹ ڈالے گے۔ حکومت نے جوڈیشل کمیشن نہ بنایا تو تحریک چلاﺅں گا۔ پاکستان سے کرپشن کا پیسہ بیرون ملک جا رہا ہے۔پہلی بار سینٹ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، پیسے نہیں چلنے دیں گے۔ پرویز رشید کو سینٹ میں چلنے والا پیسہ کیوں نظر نہیں آتا۔ مسلم لیگ (ن) سے درخواست ہے مجھ پر کوئی احسان نہ کرے۔ تحریک انصاف کے کسی ایم پی اے نے 2 نمبری کی تو جیل میں ڈلوائیں گے۔