پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے منعقد دبئی روڈ شو انتہائی کامیاب رہا اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا زراعت‘ سیاحت‘ ہاﺅسنگ‘ انفراسٹرکچر‘ آئل اینڈ گیس سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاروں نے گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست برائے دلچسپی پر دستخط کر دئے ہیں جس سے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو گا اور صنعت و دیگر شعبوں کی ترقی کے حوالے سے نئی جہت ملے گی۔ ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ملک سے باہر اس اہم شو کے انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ خیبر پی کے کے چیئرمین محسن عزیز نے کہا تقریباً 12 کے قریب درخواست برائے دلچسپی (لیٹر آف انٹینٹ) پر دستخط ہوئے ہیں جن کی مالیت 1.2 بلین ڈالر بنتی ہے۔ انہوںنے کہا بجلی اور شمسی توانائی کے حوالے سے بھی لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط ہو چکے ہیں۔ دو سو ملین ڈالر کی لاگت سے آئل ریفائنری خیبر پی کے میں لگانے کے حوالے سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ آٹھ سو ملین ڈالر کی لاگت سے ایک بڑا ہاﺅسنگ پراجیکٹ کے حوالے سے چار مختلف درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے کہا حکومت امن و امان کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس سے سرمایہ کاری کو فروغ کو حاصل ہو گا جس سے صنعت ترقی کرے گی۔ وفاقی حکومت کے ساتھ انہوں نے اس سلسلے میں بات کی ہے۔ دبئی روڈ شو پر صوبائی حکومت نے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا بلکہ یہ ورلڈ بینک کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ سرمایہ کاروں سے کسی چیز کو نہیں چھپایا گیا اور سب کچھ ان کے سامنے رکھا گیا۔ انہوں نے سینٹ انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا حکومت کی کوشش ہے کہ مذکورہ انتخابات میں پیسے کا استعمال روکا جا سکے اگر اضافی گیس ہمیں بجلی پیدا کرنے کے لئے دی گئی تو سات سو میگاواٹ بجلی ہم پیدا کر سکتے ہیں‘ افغانستان کے سفیر کے ساتھ اسلام آباد میں اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا افغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں اور جو حکومتی قوانین کے پابند اور باقاعدہ رجسٹرڈ ہوں گے انہیں تنگ نہیں کیا جائے گا رضا کارانہ طور پر افغان مہاجرین کو وطن واپسی کے حوالے سے سہولیات دی جائیں گی۔ دریں اثناءنجی ٹی وی کے مطابق پرویز خٹک نے عوامی جمہوری اتحاد کے تحریک انصاف میں ضم ہونے کی تصدیق کر دی۔ انہوں نے کہا عوامی جمہوری اتحاد کے بانی لیاقت ترکئی کی سینٹ میں حمایت اسی شرط پر کی جا رہی ہے ضم ہونے کا فیصلہ ہماری درخواست اور عوامی جمہوری اتحاد کی خواہش پر ہی کیا گیا۔
پرویز خٹک