لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیموں کے تر بیتی کیمپ کے دوران مقامی کوچز کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ان کو چز کو قومی کوچز کے ساتھ رہ کر کوچنگ کا بہتر تجربہ دلانا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایچ ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سے جس شہر میں قومی سنیئر، جونیئر اور وائٹ ٹیم کا تر بیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ اس کے دوران اس شہر اور اس سے نزدیک ترین شہروں کے بھی دو سے تین کو چز کو معاونت کے لئے مدعو کیا جائے گا، جس سے ان کوچز کو بھی کو ٹیم کے سنیئر اور عالمی معیار کے کوچز کی نگرانی میں نہ صرف سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ ان مقامی کوچز کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ پی ایچ ایف نے اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے لگائے جانے والے قومی ہاکی ٹیم کے تر بیتی کیمپ میں اسلام آباداور راولپنڈی کے کوچز کو بھی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے جن کے ناموں کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔