لاہور (نمائندہ سپورٹس +نیوز رپوٹر) لاہور کے مقامی ہوٹل میں اظہر زیدی اور ڈاکٹر صابر کی طرف سے ٹیسٹ میچز کی امپائرنگ کی سنچری مکمل کرنے پر علیم ڈار کے عزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر عبدالقدیر خان تھے، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد، سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود، لیفٹیننٹ جنرل (ر) زاہد علی اکبر، عبدالقادر، کپتان اظہر علی، انٹرنیشنل امپائر اسد رﺅف، ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر، عبدالرزاق، سلمان بٹ و دیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے علیم ڈار کو سونے کا تاج پہنایا اور فرینڈز آصف ڈاکٹر اے کیو خان کی طرف سے سونے کا تمغہ بھی دیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے علیم ڈار کو خراج تحسین پیش کیا۔اور کہا کہ علیم ڈار ہمارا فخر ہے۔ جس نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کرکٹرز کو بھی علیم ڈار سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے دن رات محنت کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ انہیں کرکٹ کا بہت شوق ہے اور وہ پاکستانی ٹیم کے میچ باقاعدگی سے دیکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے لاہور میں اپنے ہسپتال کا ذکرکرتے ہوئے کہا یہاں سینکڑوں مریضوں کا مفت علاج ہو رہا ہے اور جلد ہسپتال کی مین بلڈنگ کی تعمیر کے کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ورک نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) 300بیڈز پر مشتمل ہوگا ۔ ہسپتال کا او پی ڈی فعال ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مین بلڈنگ کی تعمیر مکمل ہونے پر لیور سنٹر کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے خصوصی سنٹر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر ، صیغم ڈار، کرکٹر اظہر علی، عبدالرزاق، عمران نذیر، سلمان بٹ و دیگر نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ہسپتال کی تعمیر میں ان کا ساتھ دینے کا عہد کیا اور کہا کہ وہ خود ہسپتال کی تعمیر کیلئے لوگوں سے ملکر فنڈز جمع کرنے میں کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے آخر میں علیم ڈار اور ان کے بھائی کی طرف سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہسپتال کی تعمیر کیلئے 5لاکھ کا چیک دیا گیا۔