اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شماریات بیورو کو ہدایت کی ہے کہ مردم و خانہ شماری کے نظرثانی شدہ منصوبہ تمام سٹیک ہولڈرز کے صلاح مشورے سے آج شام تک تیار کر لیا جائے اس میں تمام مجوزہ تبدیلیاں بھی کر لی جائیں۔ نظرثانی شدہ مردم و خانہ شماری منصوبہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں زیرغور آئے گا۔ اسحاق ڈار نے ادارہ شماریات کو مردم شماری اور خانہ شماری کرانے کیلئے نظر ثانی شدہ لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مردم شماری شفاف انداز میں اور خوش اسلوبی سے کرانے کیلئے پر عزم ہے۔ لائحہ عمل مشترکہ مفادات کونسل کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں محکمہ شماریات کے سربراہ آصف باجوہ نے اجلاس کو مردم شماری کرانے کیلئے ادارہ شماریات کی جانب سے اب تک کئے گئے انتظامات کی تازہ ترین صورتحال اور دوسری متعلقہ سرکاری اداروں کی تیاری کی حالت کے بارے میں بتایا۔ اجلاس میں مردم و خانہ شماری 2016ء کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا چیف افسر شماریات آصف باجوہ نے انتظامات اور تیاریوں پر بریفنگ دی۔ دریں اثناء مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور 3نامزد وفاقی وزراء اجلاس میں شریک ہونگے، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ساڑھے گیارہ ماہ کے بعد ہو رہا ہے طویل عرصے بعد مرکزی اور صوبائی قیادت اہم قومی معاملات پر مشاورت کیلئے اسلام آباد میں اکٹھی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں قومی مردم شماری وخانہ شماری میں ممکنہ رکاوٹیں دور کرنے کیلئے صوبے اپنی تجاویز سے وفاق کو آگاہ کریں گے سندھ دو مرحلوں میں مردم شماری کرانے اور نگرانی کا اختیار صوبوں کے سپر د کرنے کی تجاویز پیش کرے گا ملک کی تمام جماعتوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو اس بارے میں مکمل اختیار دیا ہے تیل، گیس اور بجلی سے متعلق زیر التواء اہم معاملات پر بھی غورہوگا، خالص منافع کے 70ارب روپے کے بقایاجات اقساط میں صوبہ خیبر پی کے کو ادا کرنے کے معاہدے سے آگاہ کیا جائے گا۔ پانی کی تقسیم ، جنریشن پاور پالیسی 2015 سمیت دیگر امور پر بھی غور ہوگا، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس اجلاس سے قبل وزیر اعظم کی وزراء اعلیٰ سے ملاقات کا قوی امکان ہے۔ پہلے مرحلے میں سندھ بلوچستان دوسرے میں پنجاب اور خیبر پی کے میں مردم شماری کی تجاویز تیار کی گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے مردم شماری کانظر ثانی شدہ منصوبہ آج شام تک تیارکرنے کی ہدایت کردی
Feb 28, 2016