کراچی (وقائع نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، خالد صدیقی اور عامر لیاقت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے، تفتیشی افسر کو تینوں ملزموں کو 5 روز میں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پاکستان مخالف نعروں اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں سے متعلق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت مقدمہ میں اشتہاری ہیں لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا جس پر عدالت نے تینوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ایم کیو ایم رہنماؤں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے مراسلہ بھی فوری محکمہ داخلہ کو ارسال کر نے کی ہدایت کی۔ عدالت نے سماعت13 مارچ تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 22 اگست کو متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہاؤس پر حملوں میں سہولت کاری پر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت سمیت دیگر پر کراچی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ملزم متعدد مرتبہ پیشیوں کے باوجود بھی عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔