عمران پاکستانی بال ٹھاکرے نہ بنیں، بلاول کا بیان اداروں کو دھمکانے کی کوشش ہے: مریم اورنگزیب

Feb 28, 2017

اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں ہونا پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری ہے، دشمنوں کے خوف و ہراس پھیلانے کے ناپاک عزائم ناکام ہونگے، عمران خان پاکستان کے بال ٹھاکرے نہ بنیں، انہیں پی ایس ایل کے حق میں بیان دینا چاہیے تھا، بلاول کا عدالت عظمیٰ کے متعلق بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے، وہ اپنی والدہ کی سیاسی بصیرت سے کچھ سیکھیں، اپوزیشن پاناما کو سیاسی بیساکھی کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔ ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد پنجاب حکومت کا دلیرانہ فیصلہ ہے، بزدل دہشت گرد چاہتا ہے پاکستان استحکام کی طرف نہ بڑھے، انہوں نے کہا عمران خان کو کئی بار تلقین کی گئی سوچ سمجھ کر بیان دیا کریں۔ عمران خان کو پی ایس ایل کے حق میں بیان دینا چاہیے تھا، ان کے منہ سے کبھی تو خیر کا جملہ نکلے گا، انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو مثبت بیان دینا چاہئے تھا وہ اپنا بیان واپس لیں، انہوں نے کہا عمران خان پی ایس ایل کے انعقاد میں مدد کرنے کی بجائے روڑے اٹکا رہے ہیں، پنجاب حکومت کو اس ضمن میں کوئی مدد درکار ہوتی تو کے پی کے حکومت کی طرف سے امداد کی پیشکش کرتے، انہوں نے کہا تمام دنیا کو یہ پیغام جانا چاہئے ہم سب دہشت گردی کیخلاف متحد ہیں، انہوں نے کہا کہ بلاول کا بیان اداروں کو دھمکانے کی ایک اور کوشش ہے۔ بلاول زرداری کو بلاول بھٹو بننے میں طویل عرصہ درکار ہے۔ انہیںچاہیے اپنے بیانات میں بردباری اور سیاسی بالغ نظری لے کر آئیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملاقات کی جس میں نئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے تقرر کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات کے امور پر وزیراعظم کو بریف کیا۔

مزیدخبریں