لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے عدالتی احکامات پر بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ کو ڈگریاں اور این او سی جاری نہ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایات پر عمل کرنے کا حکم دے دیا۔ متعدد طلبہ کے وکلا نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود طلبہ کو ڈگریاں اور این او سی جاری نہیں کیا گیا۔ فل بنچ نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کی سرزنش کی اور ریمارکس دیئے کہ متعلقہ حکام کو عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر کیوں نہ جیل بھیج دیا جائے۔ ہائیکورٹ نے احکامات پر عمل درآمد کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی اور ہدایت کی کہ رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔ فل بنچ نے مزید کارروائی 6 مارچ ملتوی کر دی۔