پشاور (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں تحریک انصاف کے اقلیتی رکن بلدیو کمار کو اپنی ہی جماعت کے رکن نے جوتا پھینک دیا۔ سورن سنگھ قتل کے ملزم بلدیو کمار کو حلف برداری کیلئے ایوان میں لایا گیا تھا۔ بلدیو کمار کی آمد پر ایوان میں شدید احتجاج کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے جہانداد نے بلدیو کمار کو جوتا مارا۔ حلف برداری نہ ہوسکی۔ رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے اقلیتی رکن بلدیو کمار کو حلف اٹھانے کیلئے لایا گیا تو اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا۔ اپوزیشن نے بلدیو کمار کی اسمبلی آمد پر اعتراض کیا۔ اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔ ارباب جہانداد نے بلدیو کمار کی طرف پہلے ایک جوتا مارا پھر فوری ہی دوسرا جوتا بھی ان کی طرف اچھال دیا۔ دیگر ارکان اسمبلی کی سکیورٹی پر مامور سٹار بلدیو کمار کے گرد جمع ہو گئے اور انہیں بچانے کی کوشش کی جس کے بعد سکیورٹی سٹاف بلدیو کمار کو باہر لے گیا۔ واضح رہے خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر نے عدالتی حکم پر سورن سنگھ کو قتل کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی بلدیو کمار کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے۔ اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سینٹ کے ایک ووٹ کیلئے سورن سنگھ کا دفاع نہیں کیا جبکہ محمود بیٹنی نے کہا کہ ایک قاتل کو اسمبلی میں لایا گیا۔ بلدیو کمار وزیراعلیٰ کے مشیر سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں گرفتار ہیں۔ شاہ فرمان نے کہا کہ بلدیو کمار عدالتی حکم پر آئے۔
خیبر پی کے اسمبلی