لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی گرفتاری پر سرکاری افسروں کے احتجاج اور دفاتر کی تالا بندی کیخلاف دائر درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو بجھوا دی ہے اور ہدایت کی کہ درخواست گزار کا موقف سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے مقامی وکیل اشتیاق چودھری کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی جس میں احد خان چیمہ کی گرفتاری پر سرکاری افسروں کے احتجاج اور دفاتر کی تالا بندی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ سرکاری افسروں نے سول سیکرٹریٹ دفاتر کی تالا بندی کرکے اپنے حلف کی نفی کی ہے اور حلف پر عمل نہیں کیا۔ سول سیکرٹریٹ کے دفاتر کو تالے لگانا اور احتجاج کرنا غیر قانونی ہے۔ وکیل نے نشاندہی کی رولز کے تحت سول افسران شخصیات کے نہیں ریاست کے ملازم ہیں اس لیے اس عمل میں شریک افسروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے درخواست گزار وکیل کو باور کرایا کہ اس معاملے پر دادرسی کیلئے پہلے چیف سیکرٹری پنجاب سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔